عالمی ادارہ صحت کی کورونا وائرس کے خلاف خدمات لائق تحسین ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا امریکہ کو کرارا جواب

بدھ 8 اپریل 2020 14:12

عالمی ادارہ صحت کی کورونا وائرس کے خلاف خدمات لائق تحسین ہیں، سیکرٹری ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے عالمی ادارہ صحت پر امریکی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی کورونا وائرس کے خلاف زبردست خدمات لائق تحسین ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے عالمی ادارہ صحت پر امریکی تنقید کے جواب میں کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گیبریسس کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے متعدد ممالک کو طبی سامان اور عالمی گائیڈ لائنز پر تربیت کی فراہمی کے زریعے مدد کر کے زبردست کام کیا ہے اور یہی نہیں عالمی ادارہ صحت نے جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے خلاف بھی اپنے عملے کے زریعے فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت بین الاقوامی صحت کے نظام کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ریپبلیکن سینیٹر گراہم لنڈسے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سینیٹ کے آئندہ تخصیصی بل میں ڈبلیو ایچ او کے لئے کوئی مالی اعانت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تخصیصی ذیلی کمیٹی کے انچارج کی حیثیت سے وہ عالمی ادارہ صحت کے لیے فنڈنگ کی حمایت نہیں کر رہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں عالمی ادارہ صحت پر چین کے لیے امریکی سرحدیں کھولنے کا غلط مشورہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ ادارے کے لئے امریکی امداد کو روک دے گا۔