سابق آسٹریلین کرکٹر ڈیمین مارٹن کی علیم ڈار پر کڑی تنقید

2005ء کی ایشز بدترین امپائرنگ سیریز قرار،میچ فکسنگ کا شک بھی ظاہر کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اپریل 2020 13:45

سابق آسٹریلین کرکٹر ڈیمین مارٹن کی علیم ڈار پر کڑی تنقید
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اپریل 2020ء ) سابق آسٹریلین کرکٹر ڈیمین مارٹن نے 2005ء کی ایشز سیریز کو امپائرنگ کے اعتبار سے بدترین امپائرنگ سیریز قرار دیتے ہوئے پاکستانی امپائر علیم ڈار پر کڑی تنقید ہی نہیں کی بلکہ میچ فکسنگ کا شک بھی ظاہر کردیا۔ 2009ء سے 2011ء تک مسلسل تین مرتبہ آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ لینے والے علیم ڈار کے تعلقات آسٹریلین پلیئرز سے کبھی اچھے نہیں رہے جنہیں کینگروز کی جانب سے ہمیشہ تنقید کا سامنا رہا۔

2005ء کی ایشز سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 1-2 کی شکست سے دوچار کیا تھا اور پانچ ٹیسٹ میچوں میں علیم ڈار کے علاوہ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن،ویسٹ انڈیز کے سٹیو بکنر اور نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن نے امپائرنگ کے فرائض نبھائے تھے تاہم سائمن کیٹچ کیخلاف علیم ڈار کے ایک فیصلے کی ویڈیو پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈیمین مارٹن کا کہنا تھا کہ وہ امپائرنگ کے لحاظ سے تاریخ کی بدترین سیریز تھی جس پر پیچھے مڑ کر دیکھنے پر یقین نہیں آتا۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر پر ڈیمین مارٹن کا کہنا تھا کہ امپائرنگ اتنی خراب تھی جس پر ہنسنے کے سوا کچھ نہیں کیا جا سکتا جب کہ ایک صارف کی جانب سے ان سے سوال کیا گیا کہ ’’شاید میچ فکسنگ؟‘‘، تو کینگرو کرکٹر نے بڑے اطمینان سے کہا کہ ’’کون جانتا ہے‘‘ ۔اسی سیریز کے دوران آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ پر علیم ڈار سے بحث پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا جب کہ سٹیو ہارمیسن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو کے فیصلے پر معترض سائمن کیٹچ بھی نصف میچ فیس سے محروم ہوئے تھے ۔