وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سنگاپور کے وزیر خارجہ وویان بالا کرشنن کو ٹیلی فون، کورونا وائرس کے عالمی چیلنج پر تبادلہ خیال

سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی میں معاونت پر شکریہ ادا کیا ْ

بدھ 8 اپریل 2020 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنگاپور کے وزیر خارجہ وویان بالا کرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے، سنگا پور نے جس مہارت کے ساتھ بروقت اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تحسین ہیں ۔

وزیر خارجہ نے سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی معاونت فراہم کرنے پر سنگاپور حکومت کا شکریہ ادا کے وزیر خارجہ نے اپنے شہریوں کو وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے، اپنے ہم منصب کو اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سنگاپور کی طرف سے بنائی گئی موبائل ایپلیکیشن ''ٹریس ٹو گیدر'' قابل تحسین ہے اور پاکستان سنگاپور کے اس کامیاب تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس عالمی وبائی تناظر میں، کم وسائل کی حامل معیشتوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسی صورت حال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل اس عالمی آفت سے موثر انداز میں نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے بروئے کار لا سکیں۔

شاہ محمود قریشینے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ سنگاپور اس تجویز کو آگے بڑھانے میں ہماری بھرپور معاونت کری گا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنگاپور دورے کی دعوت دینے پر، اپنے ہم منصب ڈاکٹر بالا کرشنن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورت حال میں بہتری آنے پر جلد سنگاپور کا دورہ کریں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ کا اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے اور دیگر اہم امور پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔