پاکستان ریلوے کا مال گاڑیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

بدھ 8 اپریل 2020 15:45

لاہور۔8 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں کی معطلی کے دوران مال گاڑیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں مانیٹرنگ سخت کر دی گئی اور چھاپہ مار ٹیمیں بھی مال گاڑیوں پر مختلف اوقات میں چھاپے مار رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خانیوال سے کراچی جانے والی مال گاڑی میں کچھ مسافر غیر قانونی طور پر چھپ کر سوار ہوئے ریلوے کی اسپیشل ٹیم نے رحیم یار خان کے قریب ٹرین کو رکوا کر مسافروں کو ٹرین سے اٴْتار دیا گیا جنہیں موقع پر بھاری جرمانہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ڈی ایس سکھر نے ٹرین کے گارڈ کو غفلت برتنے پر فوری چارج شیٹ کر دیا ہے۔ ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر غیر قانونی طور پر سفر کرانے میں ریلوے کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو ریلوے قوانین کے مطابق اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ضمن میں کسی طرح کی رعائت نہیں برتی جائے گی۔