خدا سے دوری کے باعث کورونا نے تباہی مچائی: ہلک ہوگن

ہمیں دنیا بھر میں محبت بانٹنا ہوگی، ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہوگا۔جھوٹے خدائوں کو پوجنا چھوڑ دو: نامور ریسلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اپریل 2020 16:06

خدا سے دوری کے باعث کورونا نے تباہی مچائی: ہلک ہوگن
لاس اینجلس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اپریل 2020ء ) نامور ریسلر ہلک ہوگن نے کہا ہے کہ خدا سے دوری کے باعث کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا میں تباہی مچا دی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے 66 سالہ ہلک ہوگن نے کہا کہ ہمیں دنیا بھر میں محبت بانٹنا ہوگی، ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہوگا۔جھوٹے خدائوں کو پوجنا چھوڑ دو،خدا کے احکامات نہ ماننے کی وجہ سے ہی کورونا سے بچائو کی کوئی ویکسین نہیں بن پا رہی ۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ سے بھی زائد ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 7 اپریل کی شام تک کورونا وائرس سے 75 ہزار 973 ہلاکتیں ہوچکی تھیں جب کہ وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار رہی۔

(جاری ہے)

جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہاں دنیا بھر میں اس سے ہلاکتیں بھی جاری ہیں اور 6 اپریل تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہزار 638 سے زائد ہو چکی تھی۔ عالمی میپ کے مطابق دنیا بھر میں بیمار ہونے والے مریضوں میں سے 7 اپریل کی شام تک 2 لاکھ 91 ہزار 991 افراد صحت یاب بھی ہوچکے تھے، جس میں سے سب سے زیادہ مریض چین میں 77 ہزار کے قریب صحت یاب ہوچکے ہیں۔

امریکی حکام کی جانب سے خطرناک ہفتے کے انتباہ کے بعد رواں ہفتے کے پہلے روز ہی امریکا میں ایک روز میں ایک ہزار 200 کے قریب ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار کے نزدیک پہنچ گئی۔ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک کل ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 10 ہزار 993 ہوگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 449 ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق نیو یارک میں یونیفارم پہنے پولیس اہلکاروں میں سے 20 فیصد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 12 پولیس اہلکار ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔ امریکا ریاست نیو یارک جسے کورونا وائرس کا مرکز بھی کہا جارہا ہے، وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دوسری جانب صرف یورپ میں ہی کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ جو عالمی سطح پر ہونے والی 76 ہزار سے زائد ہلاکتوں میں سے یہ ایک بڑا حصہ ہے۔