آٹا چینی بحران کے معاملے پر عمران خان اور جہانگیر ترین کے تعلقات میں تھوڑی اونچ نیچ ہوئی ، فاصلے پیدا نہیں ہوں گے،شیخ رشید احمد

25 اپریل تک کورونا اور آٹا چینی بحران پر حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہو جائے گا،ریلوے کو لاک ڈاؤن بندش کے باعث ایک ارب روپے ہفتہ نقصان ہورہا ہے

بدھ 8 اپریل 2020 16:45

آٹا چینی بحران کے معاملے پر عمران خان اور جہانگیر ترین کے تعلقات میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آٹا چینی بحران کے معاملے پر عمران خان اور جہانگیر ترین کے تعلقات میں تھوڑی اونچ نیچ ہوئی ہے،25 اپریل تک کورونا اور آٹا چینی بحران پر حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہو جائے گا،ریلوے کو لاک ڈاؤن بندش کے باعث ایک ارب روپے ہفتہ نقصان ہورہا ہے، وزیراعظم عمران خان اور مشیر عبد الحفیظ شیخ کا مشکور ہوں جو نقصان پر ریلوے کو سبسڈی دیں گے،لوگ فریٹ ٹرینوں کے ساتھ چڑھ کر آ جاتے ہیں، فریٹ ٹرینوں پر سوار ہو کر آنے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے،14اپریل کو لاک ڈاون ختم ہونے کے امکانات کم ہیں ، اگر لاک ڈاون ختم ہوا تو 22 ٹرینیں چلا دیں گے۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے تین ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، مغلپورہ ورکشاپ میں کورونا کیس سامنے آنے کے بعد ورکشاپ کو بند کر دیا گیا ہے جہاں 10 ہزار مزدور کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف مغل پورا لاہور ورکشاپ میں 12 اپریل تک چھٹی دی گئی ہے ،ریلوے کیرج فیکٹری میں 50 سال سے اوپر کے افراد چھٹی لے کر جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور میں کورونا وائرس کا جو کیس نکلا وہ باہر سے آیا تھا، 12اپریل تک تمام ریلوے ورکشاپس کو کورونا فری کر دیں گے۔انہوںنے کہاکہ شکایت ملی ہے کہ لوگ فریٹ ٹرینوں کے ساتھ چڑھ کر آ جاتے ہیں، فریٹ ٹرینوں پر سوار ہو کر آنے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن بندش کے باعث ایک ارب روپے ہفتہ نقصان ہورہا ہے، وزیراعظم عمران خان اور مشیر عبد الحفیظ شیخ کا مشکور ہوں جو نقصان پر ریلوے کو سبسڈی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر روز ہماری 42 مسافر ٹرینیں چلتی ہیں، 14اپریل کو لاک ڈاون ختم ہونے کے امکانات کم ہیں تاہم اگر لاک ڈاون ختم ہوا تو 22 ٹرینیں چلا دیں گے۔آٹا چینی بحران کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ پر شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا کورونا وائرس کو چھوڑ کر آٹا چینی بحران کی رپورٹ کے پیچھے پڑ گیا ہے، لیکن میرا نہیں خیال کہ عمران خان اور جہانگیرترین میں فاصلے بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان کے تعلقات میں تھوڑی بہت اونچ نیچ ہوئی ہے لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان میں ایک دم دوری آ گئی ہے۔ریلوے کے وزیر نے کہا کہ جہانگیر ترین کا الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں اور تنظیمی معاملات میں بڑا اثر تھا۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین تحریکِ انصاف کی اہم شخصیت ہیںشیخ رشید نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین میں فاصلے پیدا نہیں ہوں گے، عمران خان پر عدم اعتماد کوئی نہیں کر سکتا۔

انہوںنے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان ہی پی ٹی آئی ہیں، عمران خان کو نکال دیں تو پی ٹی آئی میں باقی کچھ نہیں رہتا، میرے خیال میں کسی کو نہیں نکالا گیا، لوگوں کو ایڈجسٹ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے بڑا واضح اعلان کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کو نہیں چھوڑیں گے، اربوں روپے کی سبسڈی کا حساب دینا ہو گا۔شیخ رشید نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مال افغانستان گیا، فیصلہ فوررنزک رپورٹ میں ہوگا، فنانس بچانا ہے یا عوام کی جانیں فیصلہ کرنا پڑے گا۔