کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں 10 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملہ سمیت ساڑھے سات لاکھ رضا کاروں نے رجسٹریشن کروالی ، عثمان ڈار

ضلعی، صوبائی اور یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کمیٹیوں میں شامل ہوں گے، سکور کارڈ کے تحت اہلیت کا تعین کیا جائے گا، پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، میڈیا سے گفتگو

بدھ 8 اپریل 2020 20:51

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں 10 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملہ سمیت ساڑھے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں 10 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملہ سمیت ساڑھے سات لاکھ رضا کاروں نے رجسٹریشن کروالی ، ضلعی، صوبائی اور یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کمیٹیوں میں شامل ہوں گے، سکور کارڈ کے تحت اہلیت کا تعین کیا جائے گا، پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وہ بدھ کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلق بریفنگ دے رہے تھے ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ صوبہ پنجاب سے 5 لاکھ، سندھ سے ایک لاکھ، خیبرپختونخوا سے 90 ہزار، بلوچستان سے 10 ہزار، آزاد جموں و کشمیر سے 8 ہزار اور گلگت بلتستان سے 4 ہزار سے زائد رضاکاروں نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن کرائی ہے۔

(جاری ہے)

رجسٹریشن کرانے والوں میں 2 ہزار سے زائد ڈاکٹروں سمیت 10 ہزار کے لگ بھگ طبی عملہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے حوالہ سے صوبوں سے بھی رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی ضلع کی سطح پر کمیٹیوں میں رکن قومی اسمبلی، تحصیل کی سطح پر ارکان صوبائی اسمبلی اور یونین کونسل کی سطح پر سیکرٹری یونین کونسل شامل ہوں گے، تمام سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندے ان کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکور کارڈ کے تحت اہلیت کا تعین کیا جائے گا، اس پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔