کورونا کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے،گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور

بدھ 8 اپریل 2020 21:53

کورونا کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے،گورنرپنجاب ..
لاہور۔8 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک ، تحر یک انصاف سنٹر ل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری اور صوبائی اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین محمد وسیم رامے نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کیخلاف جنگ میں آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا انسانوں کے ساتھ ساتھ معیشت کیلئے بھی خطر ناک ثابت ہورہا ہے ۔

اپوزیشن ہر معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی پالیسی چھوڑ دیں اور کوروناکے خلاف حکومتی اداروں کیساتھ کھڑی ہوجائے ہم سب نے ملکر 22کروڑ پاکستانیوں کو کورونا کی وبا ء سے محفوظ بنانا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گور نر ہائوس لاہور میں گور نر پنجاب سے ہونیوالی ملاقاتوں کے دوران کورونا سے بچائو کیلئے حکومتی اقدامات سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں گفتگو کی گئی اس موقعہ پرگور نر پنجاب نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ ملک وقوم کے بقا کی جنگ بن چکی ہے اور اس میں پاکستان کسی قسم کی کوتاہی کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ اپوزیشن سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کورونا کے خلاف لڑی جانیوالی جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ کورونا جتنا زیادہ پھیلے گایہ ملک وقوم کیلئے اتناہی تباہ کن ہوگا اور عوام کو بھی چاہیے کہ وہ سڑکوں پر گھومنے کی بجائے اپنے گھروں میں رہیں تاکہ وہ خود بھی کورونا سے بچیں اور دوسروں کو بھی کورونا سے بچائے۔

تاریخ گواہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ذاتی یا سیاسی نہیں قومی مفادات کے تحفظ کی ہی بات کرتے ہیں اور آج بھی وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت کورونا کے خلاف 24گھنٹے کام کر رہی ہے انشاء اللہ عوام کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اورکورونا سے بچائو کیساتھ ساتھ غر یب خاندانوں کو انکے گھروں میں راشن دیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں افواج پاکستان کورونا کے خلاف جنگ میں حکومتی اداروں کو جس طر ح سپورٹ کر رہی ہے اسکی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کوروناکیخلاف جنگ 22کروڑ پاکستانیوں کی جنگ بن چکی ہے اور ہم سب نے ملکر کورونا کیخلاف کامیاب ہونا ہے۔