کورونا وباء سے نمٹنے کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے، سراج الحق

بدھ 8 اپریل 2020 22:19

لاہور۔8 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری دنیا کورونا وباء سے پریشان ہے، اس کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن فرقہ واریت، لسانیت، برادری ازم سے بالا تر ہوکرلاک ڈاؤن کے ا س دور میں خدمت کے جذبے کے تحت کام کررہی ہیں اور لوگوں کے گھروں تک امداد پہنچائی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کرونا کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہے، الخدمت فاؤ نڈیشن کراچی سے لے کر چترال تک عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز ، پولیس جوان ، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور میڈیا کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںجو ایمانی جذبے کے ساتھ میدان میںمصروف عمل ہیں، جرات اور بہادری سے وباء کا مقابلہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیس سروسز ہسپتال پشاور کے دورے اور الخدمت ہسپتال نشترآباد میںکورونا اسپیشل کیئر یونٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی خالد وقاص چمکنی ، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن ، صدر الخدمت فائونڈیشن پشاور ارباب عبدالحسیب ،معروف سرجن ڈاکٹر عبدالمالک ، ڈاکٹر اقتدار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ایس پولیس سروسز ہسپتال ڈاکٹر فخرالدین اور ڈاکٹر نصیر الدین نے ہسپتال پہنچنے پرسراج الحق کا استقبال کیا اور کورونا کے مریضوں کے متعلق بریفنگ دی۔