کرونا سے بچائو کیلئے عوام بیانات نہیں عملی اقدامات کے منتظر ہیں : خرم نواز گنڈاپور

منہاج القرآن کے تمام اداروں میں کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ایتھنول سپرے کر دیا گیا منہاج القرآن سیکرٹریٹ دیگر تمام عمارتوں میں Hand Sanitizer نصب کروا دئیے گئے حفاظتی ماسک بیرون ملک بھیجنے کی بجائے اندرون ملک اپنے عوام کو فراہم کئے جائیں: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

بدھ 8 اپریل 2020 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل ماڈل ٹائون،منہاج یونیورسٹی،،آغوش کمپلیکس،جامع مسجد منہاج القرآن،منہاج گرلز کالج سمیت تحریک منہاج القرآن کے تحت قائم تمام اداروں میں کرونا وائرس سے بچائو اور جراثیموں سے پاک کرنے کیلئے ایتھنول سپرے کر دیا گیا۔لاہور سمیت ملک بھر میں قائم منہاج القرآن کے تمام تعلیمی اداروںو دیگر عمارتوں میں بھی سپرے کیا جا رہا ہے ۔

منہاج القرآن سیکرٹریٹ،منہاج یونیورسٹی و دیگر تمام عمارتوں میں کرونا وائرس سے بچائو کیلئے Hand Sanitizer بھی نصب کروا دئیے گئے ہیںاس حوالے سے تمام امور کی نگرانی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور کر رہے ہیں۔خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کو احتیاطی تدابیر سے شکست دی جا سکتی ہے،ہمیں اس سے ڈرنا نہیں بلکہ اس وائرس کو شکست دینا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم سب کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر سے اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن،منہاج ویلفیئر فائونڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی کرونا وائرس کے حوالے سے آگاہی مہم دوسروں کیلئے قابل تقلید ہے ۔تحریک منہاج القرآن نے کرونا وائرس کے خلاف سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم شروع کر رکھی ہے جس میں سوشل ایکٹوسٹ عوام کو کرونا وائرس سے بچنے کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ کرونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام حکومتی بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔سرکاری ہسپتالوں کی تیاری ابھی تک تو ناکافی نظر آ رہی ہے ۔کرونا کی تشخیص کیلئے ضروری اقدامات بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہے ۔عوام پرائیویٹ لیبارٹریز سے ہزاروں روپے فیسیں دے کر ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے ذمہ داران ماسک اور ہینڈ سینٹائزر کی بلیک مارکیٹنگ کو ختم کر کے عوام کیلئے فراہمی یقینی بنائیں۔ماسک بیرون ملک بھیجنے کی بجائے اندرون ملک اپنے عوام کو فراہم کئے جائیں۔حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کو نتیجہ خیز بنائے۔