پیمرا نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی موت کی جھوٹی خبر پر ڈان نیوز کو نوٹس بھیج دیا

ڈان نیوز نے برطانوی وزیراعظم کے انتقال کی خبر چلادی تھی، خبر میں حوالہ بی بی سی سے منسوب ایک جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا دیا تھا، پیمرا نے سات دن میں جواب طلب کرلیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 اپریل 2020 21:07

پیمرا نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی موت کی جھوٹی خبر پر ڈان نیوز ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08اپریل 2020ء) : پیمرا نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی موت کی جھوٹی خبر پر ڈان نیوز کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈان نیوز نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے انتقال کی خبر چلادی تھی اور خبر میں حوالہ بی بی سی سے منسوب ایک جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد خبر پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی تھی اور اب پیمرا نے ڈان نیوز سے اس حوالے سے سات دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔

پیمرا نے جھوٹی خبر نشر کرنے پر ڈان نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کرکے سات دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈان نیوز کی اس خبر پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا، ڈان نیوز پر طنز کے تیر چلائے اور پیمرا سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق بورس جانسن کی طبعیت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کی حالت سنبھل گئی ہے ۔

برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اب عام آکسیجن کی مدد سے بحال ہو رہے ہیں اور بغیر کسی سپورٹ کے سانس لے سکتے ہیں۔ اب انہیں مشینی اور مصنوعی سانس کی ضرورت نہیں رہی اور ان کا نظام تنفس بہتر ہے۔ وزیر اعظم میں نمونیا کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کوروناوائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت دریافت کرنے کے لئے ان کے نام ایک خط لکھا ہے۔

خط میں بورس جانسن کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعاکی گئی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کوروناوائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبیعت دریافت کرنے کے لئے ان کے نام ایک خط لکھا ہے۔ خط میں بورس جانسن کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعاکی گئی۔اس کے علاوہ کورونا وائرس کے خلاف برطانیہ کے ساتھ مل کر جنگ لڑنے پر زور دیا گیا ہے۔