افغان حکومت نے طالبان کے 100 قیدی رہا کردیے

ہم معاہدے کے مطابق اپنا کردار نبھا رہے ہیں اور امن کا عمل آگے بڑھنا چاہیے، ترجمان افغان سلامی کونسل

جمعرات 9 اپریل 2020 00:12

افغان حکومت نے طالبان کے 100  قیدی رہا کردیے
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) ترجمان افغان قومی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ صدر اشرف غنی کے حکم کے تحت افغان حکومت نے 100طالبان قیدیوں کو ان کی عمر ، صحت اور بقیہ سزا کو مدنظر رکھتے ہوئے رہا کردیا ہے۔ افغانستان کی حکومت نے کہا ہے کہ طالبان کے 100 قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے جس میں اہم کمانڈرز شامل نہیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق طالبان نے گزشتہ روز افغان حکومت پر قیدیوں کی رہائی میں تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مذاکرات سے واک آؤٹ کیا تھا اور امریکا کو خبردار کیا تھا کہ معاہد ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سلامتی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کا کہنا تھا کہ طالبان کے 100 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم معاہدے کے مطابق اپنا کردار نبھا رہے ہیں اور امن کا عمل آگے بڑھنا چاہیے۔جاوید فیصل نے کہا کہ جن قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے ان میں 15 کمانڈرز شامل نہیں ہیں اور اضافی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائیگا جس کا انحصار طالبان پر ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز افغان طالبان نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق افغان حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ طالبان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت حیلے بہانے کرکے قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کررہی ہے۔ طالبان کے اعلان کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان حکومت کو خبردار کیا تھا کہ آپس کے اختلافات ختم کر کے طالبان سے معاہدہ کریں ورنہ صدر ٹرمپ امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کا حکم دے سکتے ہیں اور افغانستان کی امداد بھی روک دیں گے۔