عیسائی کمیونٹی کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے آن لائن عبادات کا اعلان کردیا گیا

جمعہ اور جمعرات کی تمام عبادات آن لائن ہوں گی، ایسٹر اور بلیسڈ فرائیڈے کی عبادات بھی آن لائن ہوں گی: بشپ آف لاہورعرفان جمیل

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 اپریل 2020 22:17

عیسائی کمیونٹی کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے آن لائن عبادات کا اعلان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) عیسائی کمیونٹی کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے آن لائن عبادات کا اعلان کردیا گیا، بشپ آف لاہورعرفان جمیل نے عیسائی کمیونٹی کوکرونا سےمحفوظ رکھنے کےلیے آن لائن عبادات کا اعلان کردیا ہے۔ عرفان جمیل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمعہ اور جمعرات کی تمام عبادات آن لائن ہوں گی، ایسٹر اور بلیسڈ فرائیڈے کی عبادات بھی آن لائن ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ اجتماعات نہ کیے جائیں اسی لیے عبادات کے اجتماع بھی منسوخ کیے جارہے ہیں اور تمام عبادات آن لائن ہوں گی۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور کی مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر اجتماعات نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا کے خطرے کے باعث آن لائن عبادات کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید ، ایس پی سکیورٹی بلال ظفر، بشپ آف لاہور عرفان جمیل، بشپ سبسٹیان، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل اور دیگر مسیحی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مسیحی رہنمائوں نے کہا کہ دعائیہ تقریبات کی ریکارڈنگ انٹرنیٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ مسیحی کمیونٹی اپنے گھروں میں بیٹھ کر مذہبی فریضہ انجام دے سکیں۔

سی سی پی او نے مشکل وقت میں قومی یکجہتی کی سوچ اپنانے پر مسیحی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر مذہبی رسومات کی براہ راست کوریج کے لئے پی ٹی وی نشریات کے لئے حکومت سے بات کی جائے گی۔ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر مسیحیوں کے بڑے تہوار ہیں لیکن کورونا کے عالمگیر خطرے کے تناظر میں کسی بھی قسم کے اجتماعات سے نقصان کا اندیشہ ہے۔ اس وقت اتحاد، یکجہتی، بچائو اور امید کا پیغام دینا ضروری ہے۔ چرچ سے کورونا سے بچائو کا واضح پیغام جانا چاہیئے۔ لوگوں کو بتایا جائے کہ کورونا سے بچائو کی پابندیوں پر عملدرآمد خود ان کے مفاد میں ہے۔