کورونا وائرس اگلی لہر دیہی علاقوں میں پھیلنے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ،ملک میں موثر بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے وباء پھیلنے کا خدشہ ہے ، وفاقی حکومت کو یونین کونسل سطح پر بھرپور اقدامات کرنے ہوں گے

ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام "کوویڈ 19 بحران کے درمیان ری تھینکنگ ڈویلپمنٹ" کے موضوع پرماہرین کی آن لائن گفتگو

بدھ 8 اپریل 2020 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ، "کوویڈ 19 بحران کے درمیان ری تھینکنگ ڈویلپمنٹ" کے موضوع پر آن لائن گفتگو کرتے ہوئے ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اگلی لہر دیہی علاقوں میں پھیلنے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے،ملک میں موثر بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے وباء پھیلنے کا خدشہ ہے ، وفاقی حکومت کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے ذریعہ موثر رابطوں کو یقینی بناتے ہوئے تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بھرپور اقدامات کرنے ہوں گے۔

بدھ کو آن لائن گفتگو کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ حکومت موجودہ بحران میں وزارت بین الصوبائی رابطہ اور مشترکہ مفادات کونسل کے آئینی فورم (سی سی آئی) کو مؤثر طورپر استعمال کرتے ہوئے اس وبائی مرض پر کافی حد تک قابو پا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی قومی سطح کے آپریشنل چیلنجوں پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے لیکن ممکن ہے کہ وہ مرکز اور صوبوں کے مابین سیاسی اختلافات دور نہ کرسکے ، جس کا حل صرف سی سی آئی کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر عابد نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اورخوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پرزرعی کارکنوں اور دیہی معیشت کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومت کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اورسب کا ایک ہی صفحے پر ہونا ضروری ہے۔اس موقع پر کنگس کالج لندن کے شعبہ جغرافیہ کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر دانش مصطفی نے کہا کہ حکومت کو مقامی لوگوں کو پالیسی سازی میں شامل کرنا چاہئے کیونکہ مقامی قیادت زیادہ بہتر طور پر حکومت کو درپیش مسائل سے آگاہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مقامی حکومت اور لوگوں کوساتھ لے کر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے نمٹنے کا نقطہ نظر اپنائے۔ایس ڈی پی آئی کے جوائنٹ ایکزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار احمد نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ناکامی ہے کیوں کہ ہم ابھی تک کورونا کی وباء کے بحران کا اندازہ کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ہمیں اپنے بلدیاتی اداروں کو بھی ساتھ ملا نا ہو گا۔ ڈاکٹر وقار نے ایس ڈی جی کے طے شدہ چینل کے ذریعے صورتحال پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کراچی اربن لیب کی سربراہ ڈاکٹر نوشین انور نے کہا کہ کورونا جیسے وبائی مرض کے جواب میں دنیا نے ماحولیات پر توجہ مرکوز کردی ہے جواس سے قبل صحت کے مسئلے کی ترجیح نہیں تھی۔