عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی

پوری دنیا میں کورونا کے مریضوں کا تقریباََ تیسرا حصہ امریکہ میں موجود، 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد متاثر

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 9 اپریل 2020 04:58

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2020ء) عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ پوری دنیا میں کورونا کے مریضوں کا تقریباََ تیسرا حصہ امریکہ میں موجود، 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد متاثر۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ سے انتہائی افسوسناک خبر ہے جس کے مطابق ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جون ہوپکنز یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ادارے نے بتایا ہے کہ امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد پوری دنیا میں مریضوں کی تعداد کے تین میں سے ایک حصے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

جون ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 830 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 87 ہزار 706 ہو چکی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے ملک چین میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں کمی جبکہ امریکہ نیا مرکز بن گیا ہے۔ مہلک وائرس دنیا کے تقریباََ 209 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس وباء سے 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 87 ہزار سے زیادہ اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

امریکہ میں ریاست نیویارک کورونا وائرس کا مرکز بن چکی ہے۔ 
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست نیویارک کورونا وائرس سے دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ بن گیا ہے۔ امریکی ریاست میں اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ اقوام عالم میں امریکہ کے بعد کورونا سے متاثرین ممالک کی فہرست میں اسپین دوسرے نمبر پر آتا ہے جہاں پر اب تک 1 لاکھ 46 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ ریاست نیویارک سے کم ہیں۔

واضح رہے کہ کہ امریکہ میں گزشتہ روز مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 854 تک جا پہنچی تھی۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر امریکہ میں 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 983 ریکارڈ کی گئی تھی جو کہ کورونا وائرس سے ہونے والی کسی بھی ملک کی یومیہ ہلاکتوں سے کہیں زیادہ تھی۔ گزشتہ کئی روز کے اعداد و شمار کے پیش نظر امریکہ میں آج بھی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔