پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو، کورونا کا مشتبہ مریض فلمی انداز میں بھاگ نکلا

روس میں یہ عجیب و غریب واقعہ بدھ کے روز منظر عام پر آ گیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں حفاظتی لباس پہنے تین ڈاکٹروں کو بھاگتے ہوئے مریض کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 9 اپریل 2020 09:26

پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو، کورونا کا مشتبہ مریض فلمی انداز میں بھاگ نکلا
ماسکو (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اپریل 2020ء) پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو، کورونا کا مشتبہ مریض فلمی انداز میں بھاگ نکلا۔ عجیب و غریب واقعہ بدھ کے روز منظر عام پر آگیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں حفاظتی لباس پہنے تین ڈاکٹروں کو بھاگتے ہوئے مریض کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس میں اپنی نوعیت کا ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس میں کورونا وائرس کا ایک مشتبہ مریض کسی ایکشن فلم کے سین کی طرح ڈاکٹروں کے آگے سے بھاگ نکلا۔

یہ واقع روس ارزامس میں پیش آیا۔ 
خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعے نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت کا ماننا ہے کہ وائرل ویڈیو میں ڈاکٹرز کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض کا پیچھا کر رہے ہیں جو کہ اسپتال میں جانے کو تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کچھ صارفین جو کہ اس سے بات سے متاثر تھے کہ بھاگنے والے نے کتنی آسانی سے اپنا پیچھا کرنے والوں کو پیچھے چھوڑ دیا، ان کا استدلال تھا کہ بھاگنے والا شخص ایک مقامی ایتھلیٹ تھا جو صرف اس لیے بھاگ گیا کہ وہ خود کو قرنطینہ کرنے کے لیے راضی نہ تھا۔

تاہم بعد ازاں ارزامس کے میئر نے بتایا کہ بھاگ جانا ایک نامناسب عمل تھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق میئر نے بتایا کہ بھاگ جانے والا شخص کورونا وائرس کا مشتبہ مریض تھا اور اس کا ٹیسٹ کیا جانا ابھی باقی تھا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل ٹیم اس شخص کا ٹیسٹ کرنے کے لیے قریبی اسپتال لا رہی تھی لیکن انہیں پتا نہیں تھا کہ ان موصوف کے کچھ اور ہی ارادے ہیں۔