خیبرپختونخواہ میں گرجا گھروں میں 5 افراد سے زیادہ کے اجتماع پر پابندی

گرجا گھروں میں پادری اوردیگرانتظامی افراد کوعبادت کی اجازت ہوگی،فیصلہ گڈ فرائیڈے اورایسٹر کے پیش نظر کیا گیا ہے،صوبائی محکمہ ریلیف

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 9 اپریل 2020 10:37

خیبرپختونخواہ میں گرجا گھروں میں 5 افراد سے زیادہ کے اجتماع پر پابندی
پشاور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 اپریل2020 ء) ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبرپختونخواہ حکومت نے مسیحی برادری کو گھروں میں عبادت کرنے کی تلقین کی ہے۔ صوبائی محکمہ ریلیف کی جانب سے جاری کردہ اعلانیہ میں کہا گیا ہے کہ گرجا گھروں میں پادری اوردیگرانتظامی افراد کوعبادت کی اجازت ہوگی،فیصلہ گڈ فرائیڈے اورایسٹر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ ۔ گرجا گھروں میں موجود افراد حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔حکام کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ایسے میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور وہاں ہی عبادت کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ جہاں لوگوں کا ہجوم بہت زیادہ ہو گا، وہاں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ بھی زیادہ ہو گا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو بھی عبادت کے حوالے سے احکاما ت جاری کرد یئے گئے ہیں جس کے بعد مساجد میں بھی 5 سے زیادہ افراد نماز ادا نہیں کر سکتے۔ گزشتہ روز شب برات کے موقع پر بھی مسلمانوں کو ہدایت کی گئی تھی وہ اپنے گھروں میں عبادت کریں اور کہیں آنے جانے سے گریزکریں۔ حکومت کی جانب سے بار بار یہی کہا جا رہا ہے کہ ہمیں یہ اقدام کورونا وائرس کی وجہ سے مجبور ی میں لینے پڑ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 63 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہیں خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبرپختونخواہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ گرجا گھروں میں 5 سے زیادہ افراد کو عبادت کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ صوبائی محکمہ ریلیف کی جانب سے جاری کردہ اعلانیہ میں کہا گیا ہے کہ گرجا گھروں میں پادری اوردیگرانتظامی افراد کوعبادت کی اجازت ہوگی،فیصلہ گڈ فرائیڈے اورایسٹر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔