سعودی فوجی اتحاد کا یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

جمعرات 9 اپریل 2020 11:39

سعودی فوجی اتحاد کا یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جنگ بندی کا اعلان خوش ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی سے ملک میں نہ صرف امن و امان کے قیام بلکہ کورونا وائرس کے خلاف اضافی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں یمن حکومت اور حوثی باغیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر دشمنیوں کو ختم کرنے کے اپنے وعدے پر عملدرآمد کریں اور وہ خصوصی مندوب مارٹن گریفتھس کے ذریعہ تیار کردہ مذاکرات میں نیک نیتی اور بغیر کسی شرائط کے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں کیونکہ صرف بات چیت کے ذریعے ہی فریقین تنازعات کو ختم کر کے ملک میں جنگ بندی ، انسانیت سوز اور معاشی اعتماد سازی کے اقدامات کو برقرار رکھنے کے ایک میکانزم اور ایک جامع تصفیہ تک پہنچنے کے لئے سیاسی عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

سعودی فوجی اتحاد نے یمن میں9 اپریل سے 2 ہفتے کی قابل توسیع یکطرفہ فائر بندی کا اعلان کیا جس کا مقصد یمنی حکومت، حوثی باغیوں اور سعودی فوجی اتحاد کے درمیان مستقل جنگ بندی کی اقوام متحدہ کی تجویز اور اعتماد سازی کی راہ ہموار کرنا ہے۔