کورونا وائرس کیلئے فنڈز کی خاطر پاک بھارت مقابلوں کی تجویز

دونوں ممالک میں عالمی وبا کیخلاف جنگ لڑنے میں بہت آسانی پیدا ہو گی : شعیب اختر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 اپریل 2020 12:01

کورونا وائرس کیلئے فنڈز کی خاطر پاک بھارت مقابلوں کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2020ء ) سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کورونا وائرس کیلئے فنڈز کی خاطر پاک بھارت مقابلوں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح دونوں ممالک میں عالمی وبا کیخلاف جنگ لڑنے میں بہت آسانی پیدا ہو گی۔راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک 2007ء کے بعد مکمل سیریز نہیں کھیل سکے ہیں لیکن موجودہ بحرانی حالات میں وہ تین ون ڈے میچوں کی تجویز پیش کرنا چاہتے ہیں جس میں پہلی مرتبہ سرحد کے دونوں اطراف کے شائقین نتائج کے حوالے سے اپ سیٹ نہیں ہوں گے ۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں 44 سالہ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کی سنچری پر پاکستانی جبکہ بابر اعظم کی سنچری پر بھارتی خوشی کا اظہار کریں گے اور فیلڈ میں خواہ کچھ بھی ہو لیکن دونوں ٹیمیں فاتح قرار پائیں گی جبکہ اس سیریز سے حاصل شدہ آمدنی دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان برابر سے تقسیم کر دی جائے جو کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے ساتھ ان کی روز مرہ کی ضروریات کیلئے استعمال میں آسکے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مقابلے زبردست دلچسپی کے ساتھ دیکھے جاتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ تین میچوں کی سیریز بڑا سرمایہ حاصل کرنے کا ذریعہ بنے گی۔راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ فی الوقت دونوں ممالک لاک ڈاؤن کا شکار ہیں لہٰذا اس سیریز کا حالات کی قدرے بہتری کے بعد دبئی جیسے نیوٹرل مقام پر انعقاد کیا جائے کیونکہ ان میچوں کا انعقاد لاجواب تجربہ ہوگا جن کو اپنے گھروں میں محصور افراد پوری دلچسپی کے ساتھ دیکھیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوشش دونوں ممالک کے درمیان باہمی میچوں کا سلسلہ بحال کرنے کے ساتھ ہی تعلقات کی بہتری میں بھی معاون ثابت ہوگا لہٰذا مشکل ترین حالات میں قوموں کا کردار سامنے آنا چاہئے تاہم ان کی تجویز پر عمل کرنا متعلقہ اتھارٹیز کا کام ہے ۔