نئے ڈرامہ سیریل ’’کشف‘‘ کی پہلی قسط نے ہی دیکھنے والوں کے دل جیت لیئے

مومنہ اینڈ درید پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے ہم ٹی وی کے اس ڈرامے کی کہانی عمران نذیر نے تحریر کی ہے ہدایت کار دانش نواز ہیں

جمعرات 9 اپریل 2020 12:57

نئے ڈرامہ سیریل ’’کشف‘‘ کی پہلی قسط نے ہی دیکھنے والوں کے دل جیت لیئے
کھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) مومنہ اینڈ درید پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے ہم ٹی وی کے نئے ڈرامہ سیریل ’’کشف‘‘ کی پہلی ہی قسط نے دیکھنے والوں کے دل جیت لئے۔ اس ڈرامے کی کہانی عمران نذیر نے تحریر کی ہے جبکہ اس کے ہدایت کار دانش نواز ہیں ۔ سیریل کے مرکزی کرداروں میں ڈرامہ انڈسٹری کے بہترین فنکار حرا مانی ‘ جنید خان‘وسیم عباس ‘ منزہ عارف ‘ ہاجرہ خان ‘ ثمینہ احمد ‘ سلیم معراج ‘ ساجی الدین ‘ لبنی اسلم‘ عامر قریشی ‘ ابینہ اور دیگرشامل ہیں۔

سیریل کی کہانی کشف کے گرد گھومتی ہے جو امتیاز صاحب کی بڑی صاحبزادی ہیں۔ امتیاز ایک انتہائی متکبر ‘بدتمیز اوربددماغ شخص ہے جو بغیر کسی محنت کے امیر بننے کے خواب دیکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے والد اور بہنوںکے برخلاف کشف ایک حقیقت پسند لڑکی ہے لیکن وہ ڈرائونے خوابوں کی قیدی رہتی ہے۔ جلد ہی وہ اس حقیقت کو جان لیتی کہ وہ صرف اس کے خواب ہی نہیں ہیں بلکہ مختلف لوگوں کے ساتھ مستقبل میں واقع ہونے والے واقعات ہیں۔

صورتحال اس وقت تبدیل ہوجاتی ہے جب کشف اپنی دوست کوایک غلط شخص سے شادی کرنے سے روک لیتی ہے اور جلد ہی یہ بات پھیل جاتی ہے کہ کشف کے منہ سے نکلی ہر بات سچ ثابت ہوتی ہے۔اس کے بعد کہانی ایک غیر متوقع مگر انتہائی دلچسپ موڑ لے لیتی ہے جہاں کچھ لوگ کشف کو ایک نعمت سمجھتے ہیں جو ان کے مصائب کا حل نکال سکتی ہے جبکہ دیگر لوگ اسے منحوس سمجھتے ہیں جس کی کالی زبان سے نکلی ہر بات سچ ہوجاتی ہے۔7اپریل سے شروع ہونے والا یہ ڈرامہ سیریل ہر منگل کی شب 8:00بجے نشرکیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :