پاک فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

بھارتی کواڈ کاپٹر فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں 600 میٹر تک آیا، آئی ایس پی آر

جمعرات 9 اپریل 2020 13:37

پاک فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی پر بھارت کا کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی کے ساتھ سنگ سیکٹر میں بھارتی کواڈ کاپٹر نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا۔

(جاری ہے)

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں 600 میٹر تک آیا، بھارتی فوج کی یہ حرکت پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کا یہ اقدام سیز فائر سے متعلق 2003 کے معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے، اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔بعدازاں ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔