ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پلازمہ تھراپی کے کلینکل ٹرائل کی منظوری دیدی

نوٹیفکیشن ہاتھ میں آتے ہی ایک سے دو روز میں پلازمہ اکٹھا کرنا شروع کر دوں گا ، طاہر شمسی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعرات 9 اپریل 2020 13:43

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پلازمہ تھراپی کے کلینکل ٹرائل کی منظوری دیدی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 9اپریل 2020ء ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پلازمہ تھراپی  کے کلینکل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔ ماہر امراض خون طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ پلازمہ جمع کرنے کا کام ایک سے دو دن میں شروع کر دیا جائے گا ۔ تفصیلا ت کے مطابق سربراہ نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون طاہر شمسی کو پلازمہ تھراپی کی کلینکل ٹرائل کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد پلازمہ اکٹھا کرنے کیلئے تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

ایک سے دو روز میں پلازمہ اکھٹا کرنا شروع کر دیا جائے گا۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ اجازت نامہ ہاتھ میں آتے ہیں کام شروع کروں گا۔ بغیر اجازت نامے کے حکومت کسی کے خلاف بھی کارروائی کی مجاز ہوتی ہے۔اس سے احتیاط کے طور پر اجازت نامے کا انتظار کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

واضح رہے سربراہ نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی نے دعویٰ کیا تھا کہ جو شخص کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گا، اس کی مدد سے باقی مریضوں کا علاج کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت مند ہونےو الے شخص کے خون کے پلازما کو اگر کسی مریض کے دیا جائے تو اس کے جسم میں اس کے مثبت اثرات پیدا ہوں گے جس کے بعد اس کی قوت مدافعت بہتر ہو گی اور وہ جلد صحت یاب ہو جائے گا۔
یہ بات بھی قابل غور رہے پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پاکستان میں ابھی تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4300 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 63 افراد ابھی تک کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جہاں ایک طرف کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، وہاں ہی کورونا وائرس سے مریضوں کی صحت یابی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ابھی تک پاکستان میں 500 سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں مریضوں کی صحت یابی دیگرممالک سے بہت زیادہ تیز رفتاری سےہو رہی ہے۔