روس میں ریٹائرمنٹ ہوم میں آتشزدگی سے 4 افراد ہلاک اور15 افراد

جمعرات 9 اپریل 2020 16:15

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) روس میں ریٹائرمنٹ ہوم میں آتشزدگی سے 4 افراد ہلاک اور15معمر افراد زخمی ہو گئے۔جمعرات کو مقامی ایمرجنسی سروسز کے مطابق آگ شمال مغربی ماسکو میں ایک نجی ریٹائرمنٹ نرسنگ ہوم میں لگی جس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا جس میں 50 سے زیادہ معمر افراد رہائش پذیر تھے۔آتشزدگی سے دھویں سے دم گھٹنے سے 4افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوںکی عمریں 66 سے 90 برس ہیں ۔

(جاری ہے)

ماسکو کے نائب میئر پیوٹر بریوکوو کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ آگ عمارت کے بیسمنٹ میں بوائلر روم سے اٹھی جہاں رکھے گئے ڈیزل کے ڈرم پھٹے ۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میںجو افراد ہلاک ہوئے ہیں وہ غالباً بوائلر روم میں ہی تھے جبکہ واقعہ کے خلاف کریمنل انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔دریں اثناء ماسکو کے میئر سرگی سوبیانین نے کہا ہے کہ بوائلر روم میں ڈیزل نے آگ ایک بجلی کی تار میں پیدا ہونے والے سپارک سے پکڑی۔