پی آئی ڈی سی بم دھماکا کیس، ماسٹر مائنڈ عبدالحمید بگٹی بری

جمعرات 9 اپریل 2020 17:27

پی آئی ڈی سی بم دھماکا کیس، ماسٹر مائنڈ عبدالحمید بگٹی بری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) کراچی کے ریڈ زون میں پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ہاوس(پی آئی ڈی سی) کے دفتر کے باہر کار بم دھماکے کے مقدمے میں سزا پانے والے مرکزی کردار عبدالحمید بگٹی کو سندھ ہائیکورٹ نے بری کردیا ہے جبکہ دیگر دو شریک مجرم بھائیوں کی سزائیں برقرار رکھی ہیں۔ کراچی کے ریڈ زون میں فائیو اسٹار ہوٹلز کے باہر اور ضیاالدین احمد روڈ کے مرکزی چوک پی آئی ڈی سی پر سال 2005 میں کار میں بم نصب کرکے دھماکا کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس مقدمے میں جون 2007 میں عبدالحمید بگٹی اور دو بھائیوں منگلا خان اور عزیز خان کو گرفتار کیا گیا تھا، تینوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جون 2014 میں سزائیں سنائی تھیں جس کے خلاف شیخ جاوید میر ایڈوکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں جن پرجسٹس کے کے آغا اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے آج فیصلہ سنایا۔ ایڈووکیٹ شیخ جاوید میر کے مطابق ڈویژن بینچ نے مقدمہ میں دو شریک مجرمان بنگلا خان اور عزیز خان کی سزائیں برقرار رکھی ہیں جبکہ جاوید میر کے مطابق عبدالحمید بگٹی کو استغاثہ نے مرکزی ملزم ظاہر کیا تھا۔