گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکا صدر سردار آزاد کشمیر مسعود خان کو ٹیلی فون ،

ٹیلی میڈیسن کے ذریعے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ میں تعاون کی پیش کش

جمعرات 9 اپریل 2020 18:05

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکا صدر سردار آزاد کشمیر مسعود خان کو ٹیلی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جمعرات کے روز ٹیلی فون پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ٹیلی میڈیسن کے ذریعے کورونا وائرس کی وباء کے شکار آزاد کشمیر کے مریضوں کے علاج معالجے کے علاوہ ہر قسم کے تعاون کی پیش کش کی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے گورنر پنجاب کی پیش کش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں آزاد کشمیر کے سیکرٹر ی صحت عامہ پنجاب کے محکمہ صحت کے ساتھ رابطہ کر کے باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر بات چیت کریں گے اور حکومت پنجاب کی طرف سے اس مشکل وقت میں تعاون کی پیش کش سے فائدہ اٹھائیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے گورنر پنجاب کو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت آزاد کشمیر کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی طرف سے بروقت اقدامات کے نتیجہ میں صورتحال ابھی تک مکمل کنٹرول میں ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ قبل از وقت حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے کورونا وائرس کی وباء کو بڑے پیمانے پر پھیلنے سے روکا جائے۔