کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا منظم اور یکسو ہو کر مقابلہ کیا جائے‘عثمان بزدار

شہری سماجی فاصلہ اختیار کرکے کورونا کے پھیلائو میں رکاوٹ یقینی بنائیں،صوبائی و ضلعی محکمے منظم انداز میں کاوشیں کریں

جمعرات 9 اپریل 2020 19:35

کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا منظم اور یکسو ہو کر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ملتان ایئرپورٹ لائونج میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وباء کا پھیلائو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا منظم اور یکسو ہو کر مقابلہ کیا جائے۔

شہری سماجی فاصلہ اختیار کرکے کورونا کے پھیلائو میں رکاوٹ یقینی بنائیں۔متعلقہ صوبائی اور ضلعی محکمے منظم اور مربوط انداز میں کاوشیں کریں اور کورونا کے سدباب کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کی لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ مرکز میں سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ مراکز میں موجود مریضوں کو تمام تر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ملتان ڈویژن، سیکرٹری خوراک، آر پی او ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان، ڈی پی او اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔