حکومت نے پاکستانی کمپنیوں کو وینٹی لیٹرز بنانے کی اجازت دے دی

وینٹی لیٹرز بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ حکومت مکمل تعاون کرے گی، پاکستان میں انتقال کرنے والے63 لوگوں میں78فیصد مرد ہیں،جبکہ 85 فیصد کی عمر50سال سے زائد،اور 73فیصد پہلے بیمار تھے۔معاون خصوصی برائے صحت کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 اپریل 2020 18:45

حکومت نے پاکستانی کمپنیوں کو وینٹی لیٹرز بنانے کی اجازت دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2020ء) حکومت نے پاکستانی کمپنیوں کو وینٹی لیٹرز بنانے کی اجازت دے دی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ جو وینٹی لیٹرز بنانے کی خواہشمند کمپنیاں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے درخواستیں دیں، حکومت ایسی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر 15 لاکھ سے زیادہ کیسز ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 4 ہزار 322 ہوگئی ہے۔ جس میں 248 نئے کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔ آزاد جموں کشمیر میں 9 مریضوں کا اضافہ ہوا، بلوچستان6 ، گلگت1، اسلام آباد 10، خیبرپختونخواہ 31، پنجاب141 اور سندھ میں 50 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں صحتیاب مریضوں کی تعداد 572 ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ان میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 105لوگ مکمل صحت یاب ہوئے۔ جبکہ پاکستان میں کورونا سے مجموعی طور پر 63 اموات ہوچکی ہیں۔

ان 63 لوگوں میں78 فیصد مرد ہیں،ان میں 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کا تناسب 85 فیصد ہے۔اسی طرح ان اموات میں 73 فیصد لوگ ایسے ہیں جن کوپہلے ہی کوئی نہ کوئی بیماری تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر شرح اموات 5.82 فیصد ہے، جبکہ پاکستان میں 1.46فیصد ہے۔ ڈاکٹرظفر نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عمل کرے۔

لوگ سمجھ رہے شاید پاکستان میں شرح اموات اورکیسز کی تعدادکم ہے، یہ بہت بڑی غلطی ہے، ہمیں اس پر نہیں جانابلکہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت وینٹی لیٹرز بنانے والی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرے گی۔ وینٹی لیٹرز بنانے کی خواہشمند کمپنیاں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے درخواستیں دیں، حکومت ایسی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔