کورونا وائرس عالمی نظام صحت کے لئے خطرہ بن گیا ہے،

وائرس سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششوں کی ضرورت ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چینی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی ٹیم سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 9 اپریل 2020 21:00

کورونا وائرس عالمی نظام صحت کے لئے خطرہ بن گیا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی نظام صحت کے لئے خطرہ بن گیا ہے اور وائرس سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی آٹھ رکنی ٹیم سے جمعرات کو یہاں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں صدر مملکت نے اس مشکل وقت میں اس ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے مابین متعدی بیماریوں سے نمٹنے کے لئے تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، چینی قیادت نے اس وباء پر قابو پانے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کیں، کوویڈ 19 جیسی وبا سے لوگوں کو بچانے کے لئے تحقیق اور طب میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ چینی طبی ماہرین نے پاکستان کے دورے کی دعوت اور تجربہ کے تبادلے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، ٹیم نے وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی فوری کوششوں کو بھی سراہا۔ چینی طبی ماہرین نے اس امید کا اظہار کیا کہ موثر اقدامات کے ساتھ پاکستان کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پالے گا۔