پاکستان کے 152 ہسپتالوں میں طبی ساز و سامان پہنچایا گیا ہے،

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد چار ہزار 322 ہے، 572 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی میڈیا بریفنگ

جمعرات 9 اپریل 2020 23:37

پاکستان کے 152 ہسپتالوں میں طبی ساز و سامان پہنچایا گیا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کے 152 ہسپتالوں میں طبی ساز و سامان پہنچایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد چار ہزار 322 ہے، 572 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 44 ہزار 852 ٹیسٹ اب تک ملک بھر میں کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کی حفاظتی کٹس کا غیر ضروری استعمال ہو رہا ہے۔ انوہں نے کہا کہ ڈاکٹر اور طبی عملے کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں 63 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ان افراد میں 85 فیصد افراد وہ ہیں جن کی عمر 50 سال سے زیادہ تھی اور ان میں کوئی نہ کوئی بیماری تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این 95 ماسک، حفاظتی کٹس اور گلاسز اور دیگر سامان شامل ہے اور 152 ہسپتالوں کو ایک ہفتے کا حفاظتی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی سامان کی فراہمی کے لئے 400 سے زائد ہسپتالوں کی فہرست تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے بچنے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورتہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی طور پر بھی وینٹی لیٹرز کی تیاری کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 737 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 248 مریض کورونا سے متاثر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 9 مریضوں کا اضافہ ہوا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں 6، گلگت بلتستان میں ایک، اسلام آباد میں 10، کے پی میں 31، پنجاب میں 141 اور سندھ میں 50 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 572 ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 105 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں، مجموعی طور پر 63 افراد زندگی کی بازی ہا گئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ افراد زندگی کی بازی ہارے، ان جاں بحق ہونے والے 63 لوگوں میں 78 فیصد مرد ہیں اور 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا تناسب 85 فیصد ہے، 73 فیصد لوگ ایسے ہیں جن کو پہلے سے کوئی بیماری تھی۔