پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑی عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا

جمعرات 9 اپریل 2020 23:37

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑی عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑی عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا ہے۔ جمعرات کو پی سی بی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس بات کا جائزہ لینے کے بعد کہ عمر اکمل نے انٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے سماعت کی درخواست نہیں کی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین کے سپرد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسپلنری پینل کے چیئرمین لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج، جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان ہیں۔ پی سی بی نے یہ فیصلہ عمر اکمل کے جواب کے تمام مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے، جس میں پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت انٹی کرپشن ٹربیونل کے سامنے سماعت کے لیے تحریری درخواست نہیں کی گئی۔کوڈ کے آرٹیکل 4.8.1 کے تحت چیئر مین ڈسپلنری پینل اب نوٹس آف چارج میں مخصوص جرائم کی تصدیق کرتے ہوئے پابندی سے متعلق فیصلہ سنائیں گے۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل کی جانب سے فیصلہ آنے تک پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔