گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور سندھ میں 100 سے زائد کرونا وائرس مریض صحتیاب ہوگئے

پنجاب میں وائرس سے متاثرہ 64 افراد جبکہ سندھ میں 69 افراد صحتیاب ہوئے، ملک بھر میں مہلک وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 572 ہوگئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 9 اپریل 2020 20:40

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور سندھ میں 100 سے زائد کرونا وائرس مریض ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2020ء) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور سندھ میں 100 سے زائد کرونا وائرس مریض صحتیاب ہوگئے، پنجاب میں وائرس سے متاثرہ 64 افراد جبکہ سندھ میں 69 افراد صحتیاب ہوئے، ملک بھر میں مہلک وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 572 ہوگئی۔ اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں سندھ میں کرونا وائرس سے الحمداللہ 69 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں کروناوائرس کے 11623 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے مثبت ٹیسٹ کی تعداد 1128 ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا کہ صحتیاب افراد کی تعداد 349 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں کورونا وبا سے 21 اموات ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 کرونا وائرس مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی اکثریت لاہور کے میو ہسپتال میں زیر علاج تھی۔

جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اب تک صحت یاب ہونے والے کرونا متاثرین کی تعداد 572 ہوگئی ہے۔ اب تک 44896 افراد کے ٹیسٹ ہوئے ہیں جن میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2737 ٹیسٹ شامل ہیں۔ 462 ہسپتالوں میں کرونا متاثرین کیلئی7295 بیڈز پر مشتمل آئسولیشن وارڈ میں قائم کئے گئے ہیں، اس وقت تک 1403 کرونا وائرس متاثرین ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 31 کی حالت تشویشناک ہے۔ 332 قرنطینہ مراکز اور 17448 گھروں میں سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔