یورپی ممالک نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے 5 کھرب یورو کی منظوری دیدی

جمعہ 10 اپریل 2020 11:54

یورپی ممالک نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے 5 کھرب یورو کی منظوری دیدی
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2020ء) یوروپی وزرائے خزانہ نے ایک اجلاس میں کورونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے 500 ارب یورو کے منصوبے کی منظوری دی تاکہ کورونا وائرس سے ہونے والے معاشی نقصان کی تلافی اور اس وباء پر قابو پانے میں مدد فراہم کی جاسکے۔ تاہم اس منصوبے میں یورپی یونین نے قرضوں تک رسائی کے مشترکہ اطالوی ، ہسپانوی اور فرانسیسی مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔

یورو گروپ کے ترجما ن نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پانچ سو ارب یورو کی رقم مختص کئے جانے پر تمام ممالک کے تحفظات دور ہوگئے ہیں۔ اس موقعے پرفرانسیسی وزیر خزانہ برونو لیمری نے اس منصوبے کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ہونے والا فیصلہ بہترین معاہدہ ہے جس میں کرونا کی وباء سے نمٹنے کے لیے پانچ کھرب یورو کی رقم مختص کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جرمن وزیر خزانہ اولاف شولٹزنے بھی فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے یورپی یونین کے عظیم اقدامات میں سے ایک قرار دیا۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم سب ایک مشترکہ ردعمل فراہم کریں جس سے ہمارے ممالک کو صحت سے متعلق چیلنجوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کی سہولت ملے گی اور ہم کورونا جیسی وباء کو کنٹرول کرنے اور آئندہ کے لیے اس طرح کے بحرانوں کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں آجائیں گے۔