سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خوشی کی خبر آ گئی

سعودی حکام نےطیاروں کو مسافروں کے بغیرایئرپورٹس پر لینڈنگ کی اجازت دے دی تاکہ مملکت میں پھنسے غیر ملکیوں کی واپسی ممکن ہو سکے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 اپریل 2020 12:33

سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خوشی کی خبر آ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اپریل 2020 ء) سعودی عرب میں اس وقت سینکڑوں پاکستانی عمرہ زائرین پروازوں پر بندش کی وجہ سے محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ تاہم اب ان کی فکر مندی ختم ہونے کے دن آ گئے ہیں۔ سعودی حکام نے غیر ملکی مسافر طیاروں کو ایئرپورٹس پر اُترنے کی اجازت دے دی تاکہ مملکت میں پھنسے غیر ملکیوں کی واپسی ممکن ہو سکے۔ العربیہ نیٹ نیوز کے مطابق سعودی عرب نے ملک میں خالی مسافر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے جس سے وہاں پھنسے غیرملکیوں کی واپسی ممکن ہوسکے گی۔

تفصیلات کے مطابق مسافر طیارے میں سوار ہونے سے قبل میڈیکل ریلیز فارم جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور بخار یا کھانسی کا شکار مسافر طیارے میں سوار نہیں ہو سکیں گے۔سعودی ایوی ایشن کی جانبب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ملک میں صرف فیری فلائٹ اور خالی طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت ہو گی۔

(جاری ہے)

طیارے میں سوار تمام افراد کے پاس ماسک، دستانے، تھرمامیٹر اور سینیٹائزر لازمی ہونا چاہیے۔

سفر کے دوران کرونا سے بچا کیلئے احتیاطی تدابیر کو اپنانا بھی لازمی قرار دیا گیا۔سعودی ایوی ایشن گاکا کے مطابق جہاز میں دو مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی چھوڑی جائے گی۔ جہاز کا پورا عملہ مکمل کرونا کٹس، دستانوں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائے۔جہاز میں عملے کے ایک رکن کو میڈیکل اٹینڈینٹ بنایا جائے گا جو بیماری کی صورت مسافر کی دیکھ بحال کرے گا جب کہ جہاز میں کوئی بھی مسافر دوران پرواز اپنی نشست بھی تبدیل نہیں کرسکے گا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی مقامی اور بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم یہ مسافر پروازیں محدود تعداد میں ہوں گی۔ اس حوالے سے امارتی حکام نے ایمریٹس ایئر لائنز کو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایمریٹس ایئر لائنز کے چیئرمین اور سی ای او شیخ احمد بن سعید المکتوم نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ جلد ان سیاحوں اور تارکین وطن کے لیے مسافر پروازیں شروع ہو جائیں گی، جو اپنے وطن واپس کے منتظر اور خواہش مند ہیں۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد ظاہر کر دی جائیں گی۔ شیخ احمد بن سعید المکتوم جو دُبئی سول ایوی ایشن کے صدر بھی ہیں، ان کا اپنے ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ اگلے چند روز میں اماراتی کی مسافر پروازیں بتدریج شروع کر دی جائیں گی، جن پر اس وقت آپریشنل پابندیاں عائد ہیں۔ تاہم ان پروازوں کے دوران مسافروں اور عملے کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے کیونکہ لوگوں کی بھلائی اور تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔امارات سکائی کارگو کی جانب سے ان مسافر پروازوں کو تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کی خاطر بھی استعمال میں لایا جائے گا