خلیجی ریاست اومان میں مزید 27 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق

مملکت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی گنتی 484 ہو گئی ہے، ایک اور مریض دم توڑ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 اپریل 2020 12:48

خلیجی ریاست اومان میں مزید 27 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اپریل 2020 ء) خلیجی ریاست اومان میں کورونا وائرس نے حکام کی جانب سے روک تھام کی خاطر کیے گئے اقدامات کو روند کر آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اومان میں کورونا کے مزید 27 کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی گنتی 484 تک پہنچ گئی ہے۔ اومانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور کورونا مریض کا انتقال ہو گیا ہے ، جس کے بعد مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی گنتی 3 ہو گئی ہے۔

اومانی حکومت نے کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ کے بعد سر جوڑ لیے ہیں اور اس موذی وبا پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ اومانی حکومت کی جانب سے سینکڑوں مقامی اور غیر ملکی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے تاکہ جیلوں میں کورونا وائرس کی وبا کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اومان کا صوبہ مطرہ میں مکمل لاک ڈاوٴن کر دیا گیا ہے۔

کیونکہ مطرہ میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پھیلاوٴ کو دوسرے علاقوں میں روکنے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ۔ رائل اومانی پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی روک تھام کی خاطر رائل اومان پولیس نے دیگر اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد مْطرہ کو لاک ڈاوٴن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کے بعد مْطرہ کو جانے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔

جس سے رْووی، ہمریو، وادی الکبیر اور درست کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔ تاہم کھانے پینے کا سامان، ادویات و طبی آلات اور اشیائے ضروریہ کا سامان لے جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ تاہم مطرہ میں عوام اور تارکین وطن کا پیدل یا نجی گاڑیوں پر داخلہ ممنوع ہو گا، اسی طرح مطرہ سے بھی کوئی بھی شخص اور گاڑی باہر نہیں نکلنے دی جائے گی۔رائل پولیس کے ترجمان میجر محمد الہاشمی نے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لاک ڈاوٴن کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے اجتناب کریں، البتہ غذائی اشیاء اور ادویات کی خریداری اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔