کورونا وائرس: باکسر عامر خان حکومت پاکستان سے مایوس

پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام لوگوں تک راشن پہنچانے میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں،تحریری طور پر مطلع کیا تھا تاہم بورڈ نے کوئی جواب نہ دیا، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اپریل 2020 13:18

کورونا وائرس: باکسر عامر خان حکومت پاکستان سے مایوس
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اپریل 2020ء ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان حکومت پاکستان سے مایوس ہوگئے۔ کورونا وائرس کی روک تھام اور اس سے بچاؤ کے لیے جہاں شوبز انڈسٹری کی شخصیات لوگوں کی مدد کرر ہی ہیں تو وہیں قومی کرکٹرز اور دیگر معروف شخصیات بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ اسی ضمن میں 32 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی عوام کی مدد کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں باکسر عامر خان نے پاکستان کو کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے کیلئے 4 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل بھی عامر خان نے اپنی اسلام آباد باکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان بھی کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اب حال ہی میں باکسر کی جانب سے ایک ٹویٹ کی گئی جس میں انہوں نے حکومت سے مایوسی کا اظہار کیا۔

اپنے ٹویٹ میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ’’بہت مایوسی ہوئی، میں اسلام آباد میں عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں 10 ہزار ضرورت مند اور غریب خاندانوں کو راشن فراہم کرنے کے لیے ان کی مدد کررہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے میرے اس کام میں رکاوٹیں پیدا کردی ہیں اور وہاں لوگوں اور کھانے کی اشیاء لے جانے سے روکا جا رہا ہے‘‘، ساتھ ہی عامر خان نے اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان، زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا کو بھی ٹیگ کیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 67 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 22 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 21 اور اور پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4612 تک پہنچ گئی ہے۔