سمن آباد کی سکندریہ کالونی کے ایک ہی گھر کے 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

تمام افراد ایکسپو قرنطینہ سنٹر منتقل، علاقے کو سیل کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 10 اپریل 2020 14:42

سمن آباد کی سکندریہ کالونی کے ایک ہی گھر کے 9 افراد میں کورونا وائرس ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 10 اپریل 2020 ء ) لاہور کے علاقے سمن آباد کی سکندریہ کالونی کے ایک ہی گھر کے 9 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔تمام افراد کو ایکسپو کے قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے کو کو لوہے کا جنگلہ لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سکندریہ کالونی کو ریڈ اور اوریلیو زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری کہتے ہیں کہ سکندریہ کالونی میں کورونا کے 9 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں پر 80 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود رکھا جائے۔قبل ازیں ملتان میں برطانیہ سے آنے والی فیملی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ فیملی کے 6 افراد کو نشر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کے مطابق جناح ٹائون میں برطانیہ سے آنے والی فیملی میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ فیملی میں میاں ، بیوی اور دو بچے شامل ہیں جو 17 مارچ کو انگلینڈ سے لاہور اور 18 مارچ کو ملتان پہنچے تھے۔متاثرہ برطانوی فیملی کے جناح ٹائون ملتان میں رہائش پذیر بھائی اور بھابھی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔متاثرہ خاندان کے تمام ا6فراد کو نشتر ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ۔

جب تک رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی علاقے کو سیل رکھا جائے گا۔۔جب کہ پنجاب حکومت کا لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔صرف لاہور میں 14 مزید کیسز سامنے آنے پر شادباغ اور مکھن پورہ کے علاقے سیل کر دیا گیا تھا ۔ جبکہ 54 گھروں کو سیل کردیا گیا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ شادباغ کے علاقے سے 17 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا ہےمارکیٹیں بھی بند کرا دی گئی ہیں، علاقے کو سیل کرنے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے علاقے کا دورہ کیا ، جبکہ رہنما تحریک انصاف ملک زمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزی 167 افراد متاثرہوئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 2279، سندھ میں 1128، کے پی میں 620 اور بلوچستان میں 219 کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا کے 215 ، آزاد کشمیر میں33 کیسز موجود ہیں جبکہ 527 مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے پیں۔ جبکہ 227 مزید افراد صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 727 ہو گئی ہے۔