کورونا وائرس سے جاں بحق وزیراعلی سندھ کے بہنوئی کی تدفین کردی گئی، وزیراعظم کا اظہار افسوس

جمعہ 10 اپریل 2020 19:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2020ء) کورونا وائرس سے جاں بحق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی مہدی شاہ کی تدفین کردی گئی ہے ، وزیراعظم عمران خان نے اظہارافسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات بلندی کیلئے دعا کی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے جاں بحق وزیراعلی سندھ کے بہنوئی مہدی شاہ کی تدفین رات گئے کردی گئی ، تدفین میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور اہل خانہ شریک ہوئے ،مہدی شاہ کووادی حسین قبرستان میں سپردخاک کیاگیا۔

وزیراعلی سندھ کے بہنوئی مہدی شاہ گزشتہ شب کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، مرحوم کے بیٹے نے میت وصول کی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر سائوتھ بھی نجی اسپتال میں موجود تھے ، کوروناسے انتقال پرمیت منتقلی کیلئے ڈی ایچ اوکی موجودگی لازمی قراردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے مہدی شاہ ایک ماہ 2دن سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے ، وہ عراق سے واپسی پر کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے ، وہ ایم ڈی سائٹ کے عہدے پر فائز تھے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان ، وزیراعلی پنجاب ، سابق صدرآصف زرداری ، بلاول بھٹو اور رہنماپیپلزپارٹی فریال تالپور سمیت دیگر رہنمائوں نے وزیراعلی سندھ کے بہنوئی کے انتقال پراظہار افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔