خواتین باہر نکلنے سے گریز کریں اور گھروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں،فریال تالپور

یہ کڑا وقت ہے، لیکن یہ وقت ضرور ختم ہوگا اور گذر جائے گا، ہم مسلمان ہیں، ہمیں چاہئے کہ اپنے گھروں میں عبادت اور اللہ تعالی سے رجوع کریں، رکن سندھ اسمبلی

جمعہ 10 اپریل 2020 20:27

خواتین باہر نکلنے سے گریز کریں اور گھروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں،فریال ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اورممبر صوبائی اسمبلی فریال تالپور نے تمام عوام خصوصا خواتین سے اپیل کی ہے کہ باہر نکلنے سے گریز کریں اور گھروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔فریال تالپورنے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلائو کے پیش نظر اپنے ایک بیان میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور ہمارے ملک میں بھی یہ وبا پھیل رہی ہے، حالات کے پیش نظر حکومتِ سندھ نے لاک ڈائون کیا کہ سب لوگ اپنے اپنے گھروں میں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وبا کا واحد علاج لاک ڈائون ہے کیونکہ تاحال اس کا باضابطہ علاج سامنے نہیں آیا، فی الوقت کورونا وائرس وبا کا علاج سماجی دوری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ آپ سب میل جول کم کریں اور گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں گے، گھر میں اگر کسی فرد کو بخار یا کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں تو فورا قریبی ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

فریال تالپورنے کہاکہ یہ کڑا وقت ہے، لیکن یہ وقت ضرور ختم ہوگا اور گذر جائے گا، ہم مسلمان ہیں، ہمیں چاہئے کہ اپنے گھروں میں عبادت اور اللہ تعالی سے رجوع کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیرمسلم شہری اپنے گھروں میں عبادات کریں اور اس وبا کی خاتمے کی دعا کریں، تمام پاکستانی دعا کریں کہ ہمارے ملک سمیت پوری دنیا سے اس مہلک وبا کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پوری پاکستان پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ ہے۔