Live Updates

لاک ڈاؤن میں مہنگائی اور حالات سے مجبور چھوٹے کاروبار کرنیوالے دکاندار حضرات کے معاشی حالات انتہائی خراب ہوچکے ہیں، میجر طاہر صادق

اتوار 12 اپریل 2020 04:20

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2020ء) رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف حلقہ این اے 55 اٹک میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال میں جہاں ہر طبقہ کے علاوہ تاجر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کو سرکاری عمارتوں کے کرایہ داروں کو کرایہ میں چھوٹ دینے کی تجویز دے کر نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان بھر کی تاجر برادری کے دل جیت لیے ہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو تحریری طور پر تجویز دی ہے کہ موجودہ معاشی بدحالی جس میں چھوٹے تاجر خصوصاً متاثر ہوئے ہیں تاجر برادری کو محدود اوقات میں کاروبار کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے صرف حکومتیں اور ادارے ہی پریشان نہیں بلکہ ایک بہت بڑا طبقہ جو اس ساری صورت حال سے متاثرہوا ہے وہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے دوکاندار اور تاجر برادری بالخصوص وہ جو ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں وہ بھی متاثر ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں مہنگائی اور حالات سے مجبور چھوٹے کاروبار کرنے والے دکاندار حضرات کے معاشی حالات انتہائی خراب ہوچکے ہیں، ایک عام تاجر کرائے،بجلی کے بل، تنخواہوں اور گھریلو اخراجات کی مد میں قرضوں تلے دب گیا ہے، تاجروں کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے حکومت محدود یا جزوی طور پر کاروبار کھولنے کی اجازت دے یا پھر ایک چھوٹے دوکاندار کو بھی ہر ممکن امداد فراہم کرے تاکہ وہ فاقوں کی نوبت سے بچ سکیں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں جو دکاندار گورنمنٹ کے اداروں ( ضلع کونسل / میونسپل کمیٹیز ) کے کرایہ دار ہیں ان کا کرایہ یا تو معاشی صورتحال کے بہتر ہونے تک معاف کردیا جائے یا پھر کرایہ کی ادائیگی اس وقت تک مؤخر کی جائے جب تک پاکستانی معیشت اس وبائی بحران سے نبردآزما ہے اس سلسلے میں حکومت کو پہل کرتے ہوئے پالیسی سازی کرنی ہو گی امید ہے حکومتی اقدامات کو دیکھتے ہوئے پرائیویٹ سیکٹر مالکان بھی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کرایہ داروں کو اس مخدوش معاشی صورتحال میں کرایہ کی چھوٹ کی سہولت دیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات