اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے حبیب ؐ کی خوشنودی و رضا کیلئے اپنی جیب سے راشن تقسیم کرنے کا آغاز کررہا ہوں۔مخدوم شاہ محمودقریشی

اتوار 12 اپریل 2020 04:45

ملتان ۔ 11اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے حلقہ این اے 156اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی کی جانب سے حلقہ این ای157 کے مستحقین کیلئے ان کے ذاتی رقم سے تیار کردہ راشن بیگز گزشتہ روز تیار ہو گئے ہیں جو مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ یہ اعلان وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اوروفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی نے گزشتہ روز ملتان میں مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کے آغاز کے موقع پر دعا کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا لوگ سیاست کے لئے راشن اور امدادی سامان تقسیم کررہے ہیں، میں جزائے خیر ‘ اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے حبیب ؐ کی خوشنودی و رضا کیلئے راشن تقسیم کرنے کا آغاز کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

میری خواہش اور ترجیح ہوگی کہ کسی بھی شخص کی عزت نفس مجروح کئے بغیر مستحق اور حق دار تک اس کا حق پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم کا آغاز تاخیر سے ہوا۔

تاخیر کی وجہ راشن بیگز کی منصوبہ بندی ‘ تقسیم کیلئے ٹیم کی تیاری‘ مستحقین کی تصدیق اور اس حوالے سے انتظامات کا مکمل ہونا تھا۔جیسے ہی انتظامات مکمل ہوئے آج راشن بیگز کی تقسیم کا اعلان کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم این اے 156اور این اے 157کے رجسٹرڈ کورونا ٹائیگر فورس کے ذریعے عمل میں لائے جائیگی۔ اور مستحقین کی تصدیق کے بعد ان کو گھر بیٹھے راشن بیگز فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا راشن بیگ کی تقسیم بلا امتیاز اور میرٹ پر عمل میں لائی جائیگی اور اس میں سیاست نہیں ہوگی۔ واضح ہدایت کی ہے جس حلقہ یا وارڈ میں مستحق رہتا ہے اگر وہ میرا سیاسی مخالف ہے اور اس نے مجھے الیکشن میں ووٹ نہیں دیئے اگروہ امداد کا مستحق ہے اس کو بلا امتیاز راشن بیگ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ماہ رمضان سے قبل دونوں حلقو ں میں مستحقین میں راشن تقسیم کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا راشن بیگ میں تمام چیزیں ایکسپورٹ کوالٹی کی ہیں اور اس بیگ میں وہ تمام چیزیں شامل ہیں جو ضروری ہیں اور جنہیں میں اپنے گھر میں استعمال کرتا ہوں۔ اس موقع پر این اے 157 سے رکن قومی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا موجودہ وقت ناصرف پاکستان کیلئے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مشکل وقت ہے۔ اس وباء سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ متاثر ہوا ہے۔

حکومت اپنی بساط کے مطابق مستحقین میں امداد رقم تقسیم کررہی ہے۔ لیکن مصیبت کے اس وقت میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیرحضرات بھی میدان میں آئیں اور اس کار خیر میں حصہ لیں۔ انہوںنے کہا ہم نے این اے 156اور این اے 157 کے مزدور دیہاڑی دار اور مستحق طبقہ کو فوکس کیا ہے جن کو ان کے گھر کی دہلیز پر راشن بیگ فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہماری اولین ترجیح میرٹ کے مطابق مستحقین میں بغیر کسی تفریق کے امدادی سامان فراہم کرناہے۔ اور یہ ہم اللہ اور اس کے نبی ؐ کی خوشنودی کیلئے شروع کررہے ہیں۔ اور انشاء اللہ حلقہ این اے 156اور این اے 157کے مستحقین میں جلد از جلد راشن بیگ فراہم کردیئے جائیں گے۔ بعد ازاں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے راشن بیگ کی کوانٹیٹی اور معیار کو چیک کیا اور قلیل مدت میں کثیر تعداد میں راشن بیگز تیار کرنے والی ٹیم کو سراہا۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی نے دعائے خیر کروائی جس کے بعد دونوں حلقوں کے مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کرنے کے عمل کا آغاز کیا۔