لاک ڈاون میں سختی عوام کی بھلائی کے لیے کی جارہی ہے، سیدہ شہلا رضا

اتوار 12 اپریل 2020 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2020ء) صوبائی وزیر محکمہ ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسیز سے سنگین خطرات پیدہ ہورہے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ کورونا سے مل کر لڑا جائے جبکہ اس کے برعکس وفاقی حکومت ابھی تک سندھ کو مکمل تعاون فراہم کرنے سے قاصر رہی ہے جو کہ نہایت تشویش ناک امر ہے۔

سیدہ شہلا رضا کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگیوں کو کورونا وائرس جیسی وبا سے تحفظ فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے مشکل فیصلہ کرتے ہوئے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈان کو مزید سخت کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ صوبائی وزیر ترقی نسواں کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو اشیا خوردونوش اور دیگر ضروری چیزوں کی فراہم یقینی بنائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں عوام کو سندھ حکومت کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا تاکہ اس وبا کے مزید پھیلا کو روکا جا سکے۔ اس ضمن میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سمیت پوری کابینہ اور اراکین سندھ اسمبلی اس وبا کے پھیلا کو روکنے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، ٹارگیٹ صرف عوام کی حفاظت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں ہے جو لوگ اس حساس وقت میں ایسا کر رہے ہیں انہیں سیاست کو بلائے طاق رکھنا ہوگا کیونکہ اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک قوم بن کر اپنا اپنا کردار مزید مثبت انداز سے ادا کرنا ہوگا۔