وزیراعظم عمران خان ہی وزیر صحت بھی ہیں، قوم کی زندگی وموت کے سنگین ترین بحران میں خود کارکردگی دکھائیں ‘خواجہ آصف

جو شخص تافتان پر آنے والے زائرین کی سکریننگ، ٹسیٹنگ اور کورنٹین کی ذمہ داری نہ نبھا سکا، اسے پوری قوم کی صحت کی ذمہ داری دی گئی

پیر 13 اپریل 2020 16:51

وزیراعظم عمران خان ہی وزیر صحت بھی ہیں، قوم کی زندگی وموت کے سنگین ترین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہی وزیر صحت بھی ہیں، قوم کی زندگی وموت کے سنگین ترین بحران میں خود کارکردگی دکھائیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان غیرحاضر وزیر صحت ہیں، پراکسی وزیرصحت کے بجائے خود ذمہ داری اٹھائیں اور نبھائیں۔

وزیرصحت عمران خان خود درپیش صورتحال کا سامنا کریں ،اس وقت سنجیدہ ترین واحد بحران کورونا اور قوم کی صحت کا درپیش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قوم سوال پوچھ رہی ہے کہ پراکسیز ہیلتھ منسٹرز کون بنے ہوئے ہیں ،ڈاکٹر ظفر مرزا نے خود تسلیم کیا کہ 78 فیصد کورونا تافتان سے آنے والے زائرین سے پھیلا ،جو شخص تافتان پر آنے والے زائرین کی سکریننگ، ٹسیٹنگ اور کورنٹین کی ذمہ داری نہ نبھا سکا، اسے پوری قوم کی صحت کی ذمہ داری دی گئی ۔

انہوںنے کہاکہ کورونا امیر غریب نہیں دیکھ رہا، پاکستان کے طول وعرض میں ہر شہری کو نشانہ بنارہا ہے ،ان حالات میں وزیراعظم اور وزیرصحت عمران خان کا رویہ انتہائی غیرسنجیدہ اور کارکردگی صفر ہے ۔قوم، میڈیا اور ماہرین کورونا کا شورمچارہے ہیں اور حکومت غیرسنجیدگی کی انتہاپر ہے۔