امارات میں پھنس جانے والے ویزٹ ویزہ ہولڈرز غیر ملکیوں کو بھی ریلیف دے دیا گیا

مارچ 2020 میں ایکسپائر ہو جانے والے ویزٹ ویزوں کی معیاد میں بھی رواں برس کے آخر دسمبر 2020 تک توسیع کر دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 13 اپریل 2020 20:58

امارات میں پھنس جانے والے ویزٹ ویزہ ہولڈرز غیر ملکیوں کو بھی ریلیف ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل2020ء) امارات میں پھنس جانے والے ویزٹ ویزہ ہولڈرز غیر ملکیوں کو بھی ریلیف دے دیا گیا، مارچ 2020 میں ایکسپائر ہو جانے والے ویزٹ ویزوں کی معیاد میں بھی رواں برس کے آخر دسمبر 2020 تک توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی حکام نے ویزٹ ویزہ پر آئے غیر ملکیوں کو بھی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اعلان کیا گیا ہے کہ اماراتی ویزٹ ویزوں کی معیاد میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔



ایسے تمام غیر ملکی جو ویزٹ پر متحدہ عرب امارات آئے اور پھر کرونا وائرس لاک ڈاون کے باعث یہاں پھنس گئے، ان کے وزٹ ویزوں کی معیاد میں رواں برس کے آخر دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ایسے کئی غیر ملکی ہیں جن کے ویزٹ ویزے مارچ میں ایکسپائر ہو چکے،تاہم وہ اب بھی امارات میں موجود ہیں، ان کے ویزوں کی معیاد میں بھی دسمبر 2020 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ اماراتی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی مشکل صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو خصوصی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اماراتی حکومت نے مملکت میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کے ویزوں کی مدت میں رواں برس کے آخر دسمبر 2020 تک توسیع کر دی ہے۔

اعلان کیا گیا ہے کہ وہ تمام غیر ملکی رہائشی جن کے ویزوں کی معیاد اگلے کچھ روز یا کچھ ماہ کے دوران ختم ہو جانی تھی، اب ان کے ویزوں کی معیاد دسمبر 2020 تک بڑھا دی گئی ہے۔

یہاں ایک وضاحت یہ بھی کی گئی ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صرف امارات میں مقیم رہائشیوں کیلئے ہوگا۔ وہ غیر ملکی جو اس وقت امارات میں ویزٹ یا سیاحتی ویزے پر موجود ہیں، اس سہولت سے مستفید نہیں ہو پائیں گے۔ یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ امارات کے غیر ملکی رہائشی اس وقت ملک کے اندر موجود ہیں یا باہر، ان سب کے ویزوں کی معیاد میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے حالات کی سنگینی کے باعث زمینی راستے بند کر رکھے ہیں، تاہم امارات میں پھنسے لوگوں کو ان کے ممالک واپس بھیجنے اور بیرون ممالک پھنسے اماراتی شہریوں و رہائشیوں کو ملک واپس لانے کیلئے محدود پیمانے پر پروازوں کے آغاز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔