احساس پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے،2.49 ملین لوگ اب تک احساس پیکج سے استفادہ کرچکے ہیں

وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی کی احساس سینٹر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

منگل 14 اپریل 2020 17:35

احساس پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے،2.49 ملین لوگ اب تک ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2020ء) وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا ہے کہپورٹ میں ہم نے یومیہ اجرت والوں کو احکامات دیئے کہ گھروں میں رہیں اور انہیں تنخواہ دی ہے، احساس پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے۔ انہوں نے منگل کو اپنے حلقہ انتخاب این اے 244 میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول، چنیسر گوٹھ میں قائم احساس سینٹر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2.49 ملین لوگ اب تک احساس پیکج سے استفادہ کرچکے ہیں، احساس پروگرام کے تحت پیسہ حکومت پاکستان دے رہی ہے،حکومت پاکستان کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو لاک ڈائون سے قبل یومیہ اجرت والوں کا خیال کرنا چاہے تھا، وفاقی حکومت ایسے لوگوں کا مکمل خیال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہت طاقتور قوم ہے، کرونا کی وبا کا بھی مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں 50 صوبے ہیں اور ہر خطے کے الگ حالات ہیں، امریکہ و یورپ سمیت ہزاروں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا بلدیاتی نظام مکمل تباہ ہے،صوبے میں پینے کو صاف پانی تک میسر نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعداسپتالوں کا نظام صوبائی حکومت دیکھے گی،این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو فنڈ ملتا ہے، صوبے خودمختار ہیں۔ کراچی ، لاڑکانہ کے حالات میں بہت فرق ہے،بالائی سندھ میں کسی بھی علاقے میں ایک وینٹلیٹر نہیں ہے۔جیکب آباد، نواب شاہ سمیت دیگر شہروں کے اسپتالوں میں جانوروں کا علاج تک نہیں ہوتا۔ علی زیدی نے کہا کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر ہمیں نظام صحت ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے،کرونا کے بعد پوری دنیا کے حالات مکمل تبدیل ہو جائینگے۔