اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے رجسٹرار حفیظ الدین نے رپورٹ عدالت جمع کرا دی

منگل 14 اپریل 2020 19:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2020ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے رجسٹرار حفیظ الدین نے رپورٹ عدالت جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کا اہم ریکارڈ، لیپ ٹاپس اور ہارڈ ڈسک غائب ہے جبکہ پی ایم ڈی سی بحالی کے بعد مختلف ڈیپارٹمنٹس کا ریکاڑد غائب پایا گیا، مختلف ڈیپارٹمنٹس کی چابیاں، تین لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈسک اور وائی فائی ڈیوائس تک غائب ہیں، پی ایم ڈی سی کی ملکیت والی پانچ گاڑیاں غائب ہیں، جو گاڑیاں موجود ہیں ان کی چابیاں موجود نہیں، پی ایم ڈی سی کی ملکیت والے تین گھروں کی چابیاں بھی ابھی تک واپس نہیں کی گئیں، کالعدم قرار دیئے گئے پاکستان میڈیکل کمیشن کے سیکرٹری اور وزارت صحت کو صورتحال سے آگاہ کیا، وزارت صحت سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، یاد دہانی کا خط بھی بھیجا جا چکا، کالعدم پاکستان میڈیکل کمیشن کے سیکرٹری ڈاکٹر ارسلان حیدر سے بھی رابطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ارسلان حیدر نے خود آنے سے صاف انکار کر دیا، کہا کہ وزارت صحت سے ہی بات کریں، پی ایم ڈی سی بحالی کے بعد 1000 رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کر چکی ہے، کل 6500 زیر التوا رجسٹریشن کیسز کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ پی ایم ڈی سی نے کورونا کے باعث ابھی صرف 45 ملازمین کے محدود سٹاف کے ساتھ کام شروع کیا ہے، ڈاکٹروں کی سہولت کیلئے کراچی، لاہور سمیت تمام علاقائی دفاتر بھی فعال بنا دیئے گئے ہیں۔