پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت اور قومی توقعات کی تکمیل مقدس فرائض ہیں، قوم کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ سے خطاب

جمعرات 16 اپریل 2020 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2020ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت اور قومی توقعات کی تکمیل مقدس فرائض ہیں، قوم کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ وہ جمعرات کو پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ 143 جی ڈی (پی)، 89 انجینئرنگ، 99 ایئر ڈیفنس، 23 ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹی، 09 نیویگیشن اور 07 لاجسٹک کورسز کی گریجویشن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کوویڈ 19کی موجودہ صورتحال سے متعلق احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے کے لئے مہمانوں کوتقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ ایئر چیف نے گریجویٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے پیشروؤں کی درخشاں روایات کے قابل فخرامین ہیں جنہوں نے پاک فضائیہ کو ایک ناقابل شکست قوت میں تبدیل کردیا۔

(جاری ہے)

لہذا آپ کی آگے بڑھنے کی خواہش گریجویشن کے ساتھ ختم نہیں ہونی چاہیے۔

موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی آپریشنل تیاریوں اور اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیا ہے۔انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ پاک فضائیہ قومی خدمت کیلئیے ہرلمحہ تیار ہے۔ اس تقریب میں 115ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔

مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈرآفیسرحیدر ضمیر آفریدی نے فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی اوراعزازی شمشیرحاصل کی جبکہ ایئروناٹیکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ایئرا سٹاف ٹرافی اور اعزازی شمشیرایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ محمد کامران عاطف کے نام رہی۔

99ویں ایئر ڈیفنس کورس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ تنویر اکبرنے حاصل کی جبکہ جنر ل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر احسن قریشی کو دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر پی اے ایف اکیڈمی ایروبیٹکس ٹیم شیردل کی اسپرٹ فارمیشن نے وینیو پر فلائی پاسٹ بھی پیش کیا۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ کی اکیڈمی آمد پر ایئر وائس مارشل حامد رندھاوا، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے ان کا استقبال کیا۔