حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں ، فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات قابل تحسین ہیں، موجودہ دور حکومت میں گندم کی خریداری کو مزید سہل اور شفاف بنا دیا گیا ہے ،

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیرکا ڈیرہ غازی خان میں گندم خرید اری مرکز کے معائنہ کے موقع پراظہار خیال

جمعہ 17 اپریل 2020 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2020ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومت نے مؤثر اقدامات کئے ہیں جن میں شہری بھرپور تعاون کر رہے ہیں، فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات قابل تحسین ہیں، موجودہ دور حکومت میں گندم کی خریداری کو مزید سہل اور شفاف بنا دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے حلقے این اے 191 ڈیرہ غازی خان میں گندم خریداری مرکز کے معائنہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بیت المال محمد حسین نیازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی ایف سی جاوید اقبال نے بریفنگ دی۔ زرتاج گل وزیر نے گندم خریداری مرکز پرکاشتکاروں کو فراہم سہولیات اور کورونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے باردانہ کے حصول کیلئے موجود کاشتکاروں سے بھی معلومات حاصل کیں۔ کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال میں لائے گی، گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں سے عزت و تکریم کے ساتھ گندم کا آخری دانہ تک خریدا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرز پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیر مملکت زرتاج گل وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان سے 19 لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 9 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔