پاکستان پرچم پارٹی کا اسمبلیاں توڑ کر نگران حکومت کے قیام کا مطالبہ

ہفتہ 18 اپریل 2020 23:09

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2020ء) پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین نے اسمبلیاں توڑ کر نگران حکومت کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ مطالبہ انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کیا پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے اعتماد پر پورا اترنے میں ناکام رہے ہیں، 2018ء کا عوامی مینڈیٹ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف دینے کا باعث بن رہا ہے، لہذا ملک و قوم کے مفاد میں ضروری ہوگیا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر ’’نگران حکومت‘‘ قائم کردی جائے، انہوں نے کہا کہ 2018 ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی اسمبلیاں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں نہ صرف مسلسل ناکام جارہی ہیں بلکہ ان سے آئندہ بھی کسی بھلائی یا کامیابی کی توقع نہیں، انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی تھی جبکہ ’’لاک ڈاؤن‘‘ نے مزید کام تمام کردیا، ملکی معیشت کو سنبھالنے اور عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے میں کئی سال درکار ہونگے لہذا اس طرح کی صورتحال کے ذمہ دار نااہل حکمرانوں اور ناقص کارکردگی کے حامل ممبران اسمبلی کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ ملک کو داخلہ اور خارجہ محاذوں پر درپیش چیلنجز کو دیکھتے ہوئے حالات کا یہ تقاصا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر کم از کم 3 سال کے لیے ’’نگران حکومت‘‘ قائم کی جائے جس کی اولین ترجیح بے رحم احتساب، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے سمیت بیرونی قرضوں اور امداد پر انحصار کرنے کے بجائے خود انحصاری ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور امریکہ کے غلام حکمرانوں نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی زندگیوں کو خوشیوں کے بجائے دکھوں سے بھردیا ہے اس سے پہلے کہ کوئی پر تشدد انقلاب آجائے بہتر ہوگا کہ پرامن تبدیلی کے ذریعے تین سال کے لیے ’’نگران حکومت ‘‘ قائم کردی جائے۔