نارملائزیشن کمیٹی میرٹ پر کام کررہی ہیں،مکمل اعتماد کرتے ہیں،علی بہار بروہی

نارملائزیشن کمیٹی کی مجموعی کارکردگی سے مطمین ہیں اور مکمل سپورٹ کرتے ہیں سندھ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشنز کے عہدے دران کا اپنے بیان میں حمایت کا اعلان

اتوار 19 اپریل 2020 19:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2020ء) ممبر سندھ کونسل علی بہار بروہی اوران کے ساتھیوں نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی پر مکمل اعتماد کرکے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ناکام لوگوں کو اپنی شکست دکھائی دے رہی ہے ،اس لئے نارملائزیشن کمیٹی کے خلاف شورمچارہے ہیں،دراصل ان کو آنے والے الیکشن میں یقینی شکست دکھائی دیتی ہے ،اس لئے بے بنیاد خبریں پھیلا رہے ہیں،نارملائزیشن کمیٹی میرٹ پر کام کررہی ہے اور اس کے اچھے کام کی تعریف ہونی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔سندھ فٹ بال سے تعلق رکھنے والے عہدیداران لاڑکانہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر نظام گادٹ، قمبر شہزادپور فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدرگل محمد ، ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن جیکب آباد کے صدرنذر محمد بروہی،صدر کندھ کوٹ فٹ بال ایسوسی ایشن عبدالستار لاشاری اور ممبر سندھ کونسل علی بہار بروہی نے کہا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیںجس نے اپنے دیئے گئے مینڈیٹ کے تحت اچھے کام کئے ہیں، جو بھی فیصلے کئے ہیں وہ میرٹ پر ہیں، خاص طور پر چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی حمزہ خان اور ان کی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے ، آگے بھی جو کام کریں گے وہ کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ میرٹ پر ہوگا۔

(جاری ہے)

علی بہار بروہی نے مزید کہا کہ ہم فیفا اور اے ایف سی سے درخواست کرتے ہیں کہ نارملائزیشن کمیٹی کی مجموعی کارکردگی سے مطمین ہیں، ان کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کی وباء سے پریشان ہے، اللہ پاک اس وباء سے اقوام عالم کو نمٹنے کی توفیق عطا کرے ،کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی اموات واقع ہوئی اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہیں، ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں،پاکستان کو بھی اس مشکل کی گھڑی میں مکمل یکجہتی اور ایک ہوکر اس سے لڑنے کی ہمت دے۔

علی بہار بروہی نے کہا کہ پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان اور ان کی چاروں صوبائی ایسوسی ایشن کے لئے بنائی گئیں کمیٹیاں غیر جانبدار ہیں،فیفا اور اے ایف سی کا مکمل مینڈیٹ ان کو دیا گیا ہے، اپنے کام کواحسن طریقے سے سرانجام دے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جون تک الیکشن مکمل نہیں ہوسکتے ، اس میں تاخیر ہوسکتی ہے، لیکن ان کی نیت پر شک کرنا درست نہیں،نارملائزیشن کمیٹی پی ایف ایف جلد سے جلد مکمل کرانے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے،صرف ان کی مخالفت کرنے والوں کو شکست کے بادل نظر رہے ہیں اس لئے ان کی کائوشوں کو ناکام بنانے کی نیت سے بے بنیاد خبریں پھیلا رہے ہیں،جس میں ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔