گذشتہ جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹیڈمیں ٹریڈنگ طے شدہ کلوزنگ ٹائم دوپہر ایک بجے سے آگے 195 سیکینڈز تک جاری رہی‘ رپورٹ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو جمع کرادی گئی

پیر 20 اپریل 2020 22:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2020ء) جمعہ 17 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ میں ٹریڈنگ طے شدہ کلوزنگ ٹائم دوپہر ایک بجے سے آگے 195 سیکینڈز تک جاری رہی۔ اس اضافی دورانیئے میں 34 لاکھ 92 ہزار 550 شیئرز کا کاروبار ہوا جو یومیہ مجموعی کاروباری حجم 34 کروڑ 74 لاکھ 96 ہزار 580 شیئرز کے 1.01 فیصد اور جمعے کو ہوئے سودوں کی مالیت کے لحاظ سے 0.79 فیصد کے برابر ہے۔

بعد از اختتامی اوقات (پوسٹ کلوزنگ آورز) کے ان 195 سیکینڈز میں سودوں کی قلیل تعداد اور وسیع شمولیت کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایکس ان سودوں کو درست قرار دیتی ہے۔ جمعہ کی شام ایکسچینج کی جانب سے اس واقعے کی رپورٹ بھی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو جمع کرادی گئی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایکس میں اپرلیمٹً کی وجہ سے ٹریڈنگ معطل ہونے کے باعث یہ آپریشنل غلطی ظاہر ہوئی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سسٹم کو کچھ احکامات دستی طور پر درکار تھے جو جزوی طور پر لاک ڈاون کے باعث دور بیٹھ کر گھر سے کام کرنے کی پالیسی کی وجہ سے برووقت نہ دیے جاسکے۔ صف اول کا ریگولیٹر ہونے کے ناطے ایکسچینج کسی بھی قسم کی بے ضابطگی جاننے کے لیے معاملے کا جائزہ اور تحقیقات جاری رکھے گی اور ضرورت پڑنے پر ایس ای سی پی کو مزید معلومات بھی فراہم کرے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز اور مارکیٹ شراکت داروں کے مفاد کے تحفظ کے لیے ایکسچینج پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں ایکسچینج نئے آئی ٹی ٹریڈنگ اینڈ سرویلینس سسٹم کی تکمیل کے لیے پرجوشی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم ہوگا اور مستقبل میں اس قسم کے مسائل کے سدباب کے لیے کافی مددگار ہوگا۔